ڈھاکا (جیوڈیسک) بنگلہ دیش کے دار الحکومت ڈھاکا میں پٹاخے چلانے پرتنازع شدت اختیار کر گیا۔ مشتعل افرادنے بہاری کیمپ میں پناہ گزین 10 افراد کو زندہ جلا ڈالا۔
میرپور کے نواحی علاقے شانتی ٹاؤن میں واقع محصورین بنگہ دیش کے کیمپ میں شب برأت کی تقریبات کے دوران اس وقت ہواجب کچھ لوگوں نے نماز فجر کے بعد فائر کریکر کے دھماکے کئے۔
پناہ گزینوں کے مطابق 500 مشتعل مقامی بنگالی ٹوکوں، چھریوں اور لاٹھیوں سے لیس ہو کرآئے اور مکانات کوباہر سے بند کرکے آگ لگادی۔ تمام افرادکو جلاکر ماراگیا جبکہ درجنوں زخمیو ں میں سے 5 کی حالت نازک ہے۔
فائرسروس ڈائریکٹر محبوب الرحمن نے فرانسیسی خبررساں ادارے کوبتایا کہ مرنے والے تمام بہاری ہیں۔ 8 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ پولیس نے بلوائیوں کو منتشر کرنے کے لئے فائرنگ کی جسکے نتیجے میں متعدد افرادزخمی بھی ہوئے۔ واقعے کے بعدعلاقے میں سخت کشیدگی پھیل گئی۔ امن وامان کی مخدوش صورتحال کے پیش نظرپولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔