ڈھاکا (جیوڈیسک) بنگلہ دیش پہنچتے ہی دھونی کی زبان کا تالا کھل گیا، انھوں نے کافی عرصے بعد میڈیا سے بات چیت کی اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلیے بلند عزائم ظاہر کیے۔
کپتان نے اپنے بولرز کی ناقص کارکردگی کا اعتراف کیا، البتہ بیرون ملک میچز میں ناکامیوں اور ایشیا کپ میں فائنل تک نہ پہنچنے پر انھیں کوئی پریشانی نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق مہندرا سنگھ دھونی کی زیر قیادت بھارتی کرکٹ ٹیم گذشتہ روز ڈھاکا پہنچ گئی، کپتان دھون آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ تنازع کے سبب میڈیا کے ساتھ بات چیت سے گریزاں تھے، اب بنگلہ دیش پہنچتے ہی انھوں نے غیر اعلانیہ زبان بندی کا سلسلہ ختم کر دیا، دھونی نے کہا کہ کئی ڈومیسٹک ٹوئنٹی 20 میچز کھیلنے کے بعد بھارتی بولرز بنگلہ دیش میں ہونے والے ایونٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے کیلیے تیار ہیں۔ بھارتی اسکواڈ اسٹروک میکرز سے بھرا ہوا ہے لیکن دھونی کی اصل پریشانی بولنگ کے شعبے سے ہے۔
جس نے حال ہی میں دیگر فارمیٹس میں کوئی خاص کارکردگی نہیں دکھائی۔ بھارتی بولنگ اٹیک کو بیرون ملک میچز میں ناکامیوں پر تنقید کا سامنا ہے، ٹیم بنگلہ دیش میں حالیہ ایشیا کپ کے فائنل تک پہنچے میں بھی ناکام رہی،تینوں فارمیٹس میں ٹیم کی قیادت کرنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین دھونی کو اس سے کوئی پریشانی نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے پاس ایسے بولرز کافی تعداد میں موجود ہیں جنھوں نے بہت سے ٹی 20 میچز کھیلے، اگرچہ بین الاقوامی سطح پر نہیں لیکن بھارت خصوصا آئی پی ایل میں انھوں نے کئی گیمز میں حصہ لیا ہے، وطن سے ملتی جلتی کنڈیشن حقیقتا ان کیلیے مددگار ثابت ہوں گی۔