ڈھاکا (جیوڈیسک) بنگلہ دیش کے اٹھارہ جماعتی اپوزیشن اتحاد کے مظاہرے کے دوران پولیس سے جھڑپوں میں ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ ادھر پولیس نے اپوزیشن رہنما خالدہ ضیا کو احتجاجی مظاہروں میں شرکت کے لئے گھر سے نکلنے سے روک دیا۔
دارالحکومت ڈھاکا سمیت ملک کے مختلف شہروں میں اپوزیشن نے ”مارچ فار ڈیموکریسی ”March for Democracy کے نام سے حکومت کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالیں۔ اپوزیشن پانچ جنوری کو ہونے والے انتخابات کے التوا کا مطالبہ کر رہی ہے۔
سیکڑوں مظاہرین نے اپوزیشن ہیڈ کوارٹر اور سرکاری عمارتوں پر قبضہ کرنے کی کوشش کی اور پولیس پر پٹر ول بم پھینکے۔
جواب میں پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس اور پانی پھینکا۔ پولیس کی جانب سے ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔
حکومت نے شہر میں گیارہ ہزار سے زائد پولیس اور ایلیٹ فورس کے اہلکار تعینات کر رکھے ہیں۔