ڈھاکا (جیوڈیسک) بنگلہ دیش کی عدالت نے بدعنوانی کے مقدمات میں سابق وزیراعظم اور حزب اختلاف کی رہنما خالدہ ضیا کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق خالدہ ضیا پر بدعنوانی کے مقدمات سے متعلق کیس کی سماعت دارالحکومت ڈھاکا میں انسداد کرپشن کی خصوصی عدالت میں ہوئی جہاں عدالت نے خالدہ ضیا کو پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ کیس کی سماعت کے بعد خالدہ ضیا کے وکیل کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت نے ان کی موکلہ کو گزشہ ایک ماہ سے ان کے دفتر میں نظر بند کر رکھا ہے جس کے باعث وہ عدالت میں پیش نہ ہوسکیں لیکن عدالت نے ان کی کسی بھی دلیل کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے ناانصافی پر مبنی فیصلہ سنایا۔
واضح رہے کہ خالدہ ضیا کو حکمران جماعت عوامی لیگ کی سربراہ شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خلاف مہم چلانے اور کارکنوں کو ہڑتال کے لئے اکسانے کے نتیجے میں گزشہ ماہ ان کے دفتر میں نظر بند کردیا گیا جس کے بعد سے حالات کشیدہ ہیں اور سیاسی کشیدگی اور پولیس تشدد کے نتیجے میں اب تک 100 سے زائد افراد مارے جاچکے ہیں۔