نیلسن (جیوڈیسک) آئی سی سی ورلڈ کپ کے 27 ویں گروپ میچ میں بنگلا دیش کی اسکاٹ لینڈ کی جانب سے دیئے گئے 319 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ جاری ہے۔
نیوزی لینڈ کے شہر نیلسن کے سیکسٹن اوول میں کھیلے جارہے میچ میں اسکاٹ لینڈ کی جانب سے دیئے گئے 319 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیش کی بیٹنگ جاری ہے اور بنگال ٹائیگرز نے 10 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 62 رنز بنا لئے ہیں۔
قبل ازیں اسکاٹ لینڈ نے بنگلا دیش کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کائل کوئٹزر کے شاندار 156 رنز کی بدولت 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر318 رنز بنائے۔ اسکاٹش ٹیم نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ 13 کے مجموعی اسکور پر گری جب میک لیوڈ 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ ہمیش گارڈینر بھی 19 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد میٹ میچن نے کوئٹزر کے ساتھ 78 رنز کی شراکت جوڑی اور وہ 35 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے لیکن کوئٹزر نے شاندار بلے بازی جاری رکھی اور وکٹ کے چاروں طرف شاٹس کھیل کر بنگال ٹائیگرز کو تگنی کا ناچ نچاتے رہے۔
انہوں نے 4 چھکوں اور 17 چوکوں کی مدد سے 156 رنز بنائے۔ پرسٹن مومسن نے 39 رنز کی اننگ کھیلی جب کہ رچی بیرنگٹن کے درمیان 141 رنز کی شراکت ہوئی اور مومسن 43 ویں اوور میں 39 بنا کر آؤٹ ہوئے۔
رچی بیرنگٹن نے 26 اور میتھیو کراس نے ٹیم کے اسکور میں 20 رنز کا اضافہ کیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد نے 3، ناصر حسین نے 2 جب کہ شکیب الحسن، شبیر رحمان اور مشرفی مرتضٰی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔