بنگلہ دیش نے ٹیسٹ سٹیٹس پر حمایت کر دی، بگ تھری پاور ایک ووٹ کے فاصلے پر

ICC

ICC

دبئی (جیوڈیسک) ویسٹ انڈیز کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بھی بگ تھری فارمولے کی حمایت کا اعلان کر دیا۔

کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق بی سی بی نے اپنا ٹیسٹ اسٹیٹس برقرار رکھے جانے کی یقین دہانی کے بعد تین بڑوں کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا۔ اب پوزیشن پیپر کی مخالفت کرنیوالوں میں صرف پاکستان، جنوبی افریقا اور سری لنکا کے بورڈز رہ گئے ہیں۔

بگ تھری کو اپنی تجاویز کی منظوری کے لیے درکار سات میں سے چھ ووٹ حاصل ہو چکے ہیں۔ ماضی میں یہی بنگلہ دیش بورڈ ٹیسٹ ٹیموں کو دو درجوں میں تقسیم کی تجویز پر سخت مخالفت کرتے ہوئے شدید احتجاج کر چکا ہے۔

گزشتہ روز آئی سی سی کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کے اختتام پر صدر ایلن آئزک اور چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈسن نے پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے پوزیشن پیپر کی کئی تجاویز پر اتفاق رائے کی خبر سنائی ساتھ ہی چند ایشوز کا فیصلہ آئندہ اجلاس تک موخر کر دیا گیا۔

صدر آئی سی سی کا کہنا تھا کہ ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ میں کئی اہم معاملات زیر غور آئے جس میں بگ تھری بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا کے معاملے پر تفصیلی بات چیت ہوئی جس پر حتمی فیصلہ فروری میں ہونیوالے سنگاپور کے اجلاس میں ہو گا۔