بنگلہ دیش کے تین فوجی افسر وں کوبرطرف کردیا گیا

Bangladesh

Bangladesh

ڈھاکا (جیوڈیسک) بنگلہ دیش کی فوج نے تین افسروں کو شہریوں کے اغوا اور قتل کے الزامات پر بر طرف کر دیا، ان افسروں پر الزام تھا کہ انہوں نے دارالحکومت ڈھا کہ کے مضافات میں سات شہریوں کو اغوا کرنے کے بعد قتل کر دیا تھا۔

فوجی حکام کے مطابق ریپڈ ایکشن بٹالین کے تین افسروں کو عہدوں سے برطرف کر کے قبل از وقت ریٹائر کر دیا گیا ہے۔ ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ان افسروں میں سے ایک ریپڈ ایکشن بٹالین کا اعلیٰ کمانڈر بھی ہے۔

یہ فیصلہ ایک مقامی تاجر کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر دیا گیا جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ فوجی افسروں نے تاجر کے بیٹے اور اسکے چھ دوستوں کو اغوا کر کے قتل کر دیا تھا۔ یاد رہے کہ قبل ازیں بھی ریپڈ ایکشن بٹالین پر سیکڑوں شہریوں کے اغوا اور قتل کے الزامات لگ چکے ہیں۔ تاجر نے صحافیوں کو بتایا کہ اسکے بیٹے کے ایک مخالف نے فوجی افسروں کو اسکے بیٹے کے قتل کیلئے 77 ہزار ڈالر دیئے تھے اور یہ رقم فوجی افسروں کے اکاؤنٹس میں جمع کرائی گئی تھی۔