راولپنڈی (اصل میڈیا ڈیسک) بنگلادیشی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان پرگرین سگنل ملنے لگے، بی سی بی کے صدر نظم الحسن کا کہنا ہے حکومت کو خط لکھ دیا، قوی امکان ہے کہ کلیئرنس مل جائے گی۔
بنگلادیشی ٹیم کو جنوری،فروری میں پاکستان کا دورہ کرتے ہوئے 3 ٹی ٹوئنٹی اور 2ٹیسٹ میچ کھیلنا ہیں، گذشتہ ہفتے چیف ایگزیکٹو نظام الدین نے کہا تھا کہ وقت تھوڑا رہ گیا،ہم تاحال حکومت کی جانب سے کلیئرنس ملنے کے منتظر ہیں۔ البتہ اب اس حوالے سے مثبت اشارے ملے ہیں۔
بی سی بی کے صدر نظم الحسن نے کہاکہ ہماری ویمنز اور انڈر 16ٹیمیں پاکستان کا دورہ کر چکیں، جونیئر ہو یا سینئر ہر ٹیم کی سیکیورٹی ایک جیسی اہمیت رکھتی ہے،قبل ازیں دونوں ٹیموں کو کلیئرنس دیے جانے کے بعد قوی امکان ہے کہ سینئر مینز ٹیم کو بھی اجازت مل جائے گی۔
حکومت کو اس حوالے سے خط لکھ دیا گیا ہے، 4 سے 5 روز میں جواب موصول ہو جائے گا۔ ایک سوال پرانھوں نے کہا کہ حکومتی کلیئرنس کے بعد اگلے مرحلے میں کرکٹرز سے پوچھیں گے، ہرکھلاڑی کا اپنا فیصلہ ہوگا کہ وہ پاکستان جانا چاہتا ہے یا نہیں۔