واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکہ نے بنگلہ دیش میں جاری پرتشدد کارروائیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور حسینہ واجد کی حکومت سے پرامن سیاسی سرگرمیوں کیلئے ضروری مواقع فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان میری ہارف نے کہا کہ امریکہ کو بنگلہ دیش میں جاری تشدد اور بے چینی پر گہری تشویش ہے۔ ہم بس کو جلانے، ٹرین کو ڈی ریل کرنے سمیت تمام پرتشدد کارروائیوں کی مذمت کرتے ہیں۔
حکومت سے پرامن سیاسی سرگرمیوں کے لئے ضروری مواقع فراہم کرنے اور تمام پارٹیوں کے ارکان سے تشدد سے دور رہنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک جمہوری بنگلہ دیش میں اس طرح کی کارروائیوں کی کوئی جگہ نہیں ہے اور تمام بنگلہ دیشیوں کو پرامن طریقے سے اپنی رائے کے اظہار کا موقع ملنا چاہئے۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیش میں حکومت مخالف مظاہرے، ایک ماہ سے جاری ہیں اور اس دوران پرتشدد کارروائیوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 60 تک پہنچ گئی ہے۔