کراچی (اسپورٹس رپورٹر) ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن سائوتھ کراچی کے زیر اہتمام بنک الفلاح کے تعاون سے ککری گرائونڈ لیاری میں بنک الفلاح دسٹرکٹ سائوتھ فٹ بال چمپئن شپ کا افتتاحی میچ ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن سائوتھ کی ٹیم نے مد مقابل سندھ گورنمنٹ پریس کی ٹیم کو 1-0سے شکست دیکر اپنے نام کرلیا۔۔ میچ سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی جاوید ناگوری نے لیاری ٹائون کے سابق ناظم ملک فیاض کے ہمراہ فٹ بال کو کک لگا کر بنک الفلاح دسٹرکٹ سائوتھ فٹ بال چمپئن شپ کا باقاعدہ آغاز کیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن سائوتھ کے روح رواں ناصر کریم بلوچ ،یونین کمیٹیز لیاری کے نو منتخب چیئر مین لالا عاشق ،عبدالحمید ،حبیب حسن ،پی پی پی کراچی ڈویژن کے نائب صدر جمیل ہوت،سندھ فٹ بال ایسوسی ایشن کے رکن اور ترجمان ڈی ایف اے سائوتھ اللہ بخش بلوچ ،نائب صدر سائوتھ رائو محمد اقبال ،سیکریٹری سائوتھ حاجی محمد اقبال کے علاوہ کھیل سے وابستہ شخصیات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
اس موقع پر ہزاروں کی تعداد میں فٹ بال شائقین بھی موجود تھے ۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی جاوید ناگوری نے ناصر کریم بلوچ کو شاندار ایونٹ کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ لیاری خصوصاً شہر قائد میں صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلا یا۔
انہوں نے مزید کہاکہ لیاری فٹ بال کا گڑھ ہے لیاری کے نوجوانوں فٹ بالروں نے ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر اپنا اور اپنے وطن کا نام روشن کیا ہے تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی اور دیگر مہمانوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے اور یوم پاکستان کی مناسبت سے اسکولوں کے بچوں نے ٹیبلو پیش کئے۔