بینک ڈپازٹس میں ایک سال کے دوران 833 ارب روپے کا اضافہ

Rupees

Rupees

کراچی (جیوڈیسک) بینکوں کے کھاتوں کی مالیت میں گزشتہ ایک سال کے دوران 8 کھرب 32 ارب 76 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مئی 2015 میں بینک کھاتوں میں جمع شدہ رقوم کی مجموعی مالیت 89 کھرب 11 ارب 63 کروڑ روپے تھی جو مئی 2016 تک بڑھ کر 97 کھرب 44 ارب 39 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔ گزشتہ مالی سال یکم جولائی سے بینک کھاتوں سے لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کے بعد جولائی میں بینک کھاتوں میں جمع شدہ رقوم کی مجموعی مالیت 90 کھرب 20 ارب 40کروڑ روپے کی سطح پر آگئی تھی۔

دوسری جانب بینکوں کے ایڈوانسز 4کھرب 47ارب 71کروڑ روپے سے 50 کھرب 43 ارب 48 کروڑ روپے ہوگئے، گزشتہ 1 سال کے دوران بینکوں کی مجموعی سرمایہ کاری کی مالیت بھی 15 کھرب 33ارب 52 کروڑ روپے بڑھ گئی، مئی 2015 میں بینکوں کی مجموعی سرمایہ کاری کی مالیت 55 کھرب 95 ارب 5 کروڑ روپے تھی جو مئی 2016 میں بڑھ کر 71 کھرب 28ارب 57 کروڑ روپے کی سطح پر آگئی۔