وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) بینک ملازمہ کو تنگ کرنے سے منع کرنے کی سزا، پیٹی بھائی نے سنیئر شہری کو سرراہ روک کر ہتک آمیز رویہ کا نشانہ بنایا اور موٹر سائیکل سے محروم کر کے باپ بیٹی کو ویرانے میں چھوڑ دیا۔
موٹر وے پولیس میں تعینات بلال چیمہ نامی ملازم مقامی بینک میں تعینات خاتون ع کو اکثر آتے جاتے تنگ کرتا تھا لڑکی کی شکایت پر پولیس اہلکار کو کچھ روز قبل لڑکی کے عزیزوں نے سمجھایا کہ وہ اپنی وردی کے تقدس کا خیال کرتے ہوئے غلط حرکات سے باز آجائے اسی رنجش پربلال چیمہ کے ساتھ موٹر وے میں ڈیوٹی کرنے والے انسپکٹر عارف نے مبینہ طور پرلڑکی ٍکو مزہ چکھانے کا بیڑہ اٹھا لیا اور گزشتہ روز جب لڑکی کا والدخالد علی بینک سے چھٹی ہونے پرع کو موٹر سائیکل پر بٹھا کر واپس گھر لے جارہا تھا کہ رستہ میں تاک لگائے انسپکٹر عارف نے مولانا ظفر علی خاں بائی پاس چوک سے موٹر سائیکل کا پیچھا کرنا شروع کردیا اور ڈیڑھ دو کلومیٹر فاصلہ تک سرکاری گاڑی نمبری3299 موٹر سائیکل سے آگے پیچھے کرتا رہا اور ویرانے میں جا کر موٹر سائیکل رکوا لی اور موٹر سائیکل سے نیچے اتار کر غیر اخلاقی انداز میں کہاکہ تمہارے موٹر سائیکل کی نمبر پلیٹ نہیں لگی ہوئی لہذا آج تمہیںموٹر سائیکل کے بغیر ہی جانا پڑے گا لڑکی کے والد کی طرف سے منت سماجت پر انسپکٹر موصوف طیش میں آگیا اور برے نتائج کی دھمکیاں دینا شروع کردیں اور لڑکی کو بھی دھمکاتا رہا ہے اور کہا کہ تمہیں پولیس کی طاقت کا اندازہ نہیں بعدازاں ساتھی اہلکاروں کے ذریعہ موٹر سائیکل قریبی پٹرول پمپ پر بند کرواکے چلا گیا۔
موٹر وے پولیس اہلکاروں کی اس غنڈہ گردی کے بعد بوڑھے باپ کو اپنی بیٹی کے ہمراہ چار کلو میٹر کا فاصلہ پیدل طے کر کے قریبی گائوں تک جانا پرا جہاں سے کرائے کے رکشہ پر وہ اپنے گھر تک پہنچے ۔ موٹر وے پولیس اہلکاروں کی اس غنڈہ گردی کیخلاف متاثرہ خاتون نے آئی جی موٹر وے پولیس اور دیگر حکام سے دادرسی کی اپیل کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث اہلکاروں کیخلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔