اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) بینکوں نے ایف بی آر کو بینک اکاؤنٹ ہولڈز کی تفصیلات فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے جبکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین شبرزیدی کاکہنا ہے کہ پاکستان بینک ایسوسی ایشن اورتمام بینکوں نے کچھ معلومات کی فراہمی کے معاملے پر زیر التواقانونی چارہ جوئی کو واپس لینے پر اتفاق کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پرایک ٹویٹ میں چیئرمین ایف بی آر شبرزیدی نے کہا کہ ایف بی آر کی جانب سے پاکستان بینک ایسوسی ایشن اور تمام بینکوں کے صدور کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انھوں نے کچھ معلومات کی فراہمی کے معاملے پر زیر التواقانونی چارہ جوئی کو واپس لینے پر اتفاق کیا ہے۔
ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ فیڈرل بورڈ اف ریوینو اور پاکستان بینکر زایسوسی ایشن کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کی سربراہی میں اجلاس ہوا جس میں بینکوں کے سربراہاں نے بینک اکاؤنٹ ہولڈز کی تفصیلات دینے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔ معاہدے کے بعد 2013کے بعد ایف بی آر اور بینکوں کے درمیان تنازع کا خاتمہ ہوجائے گا۔
واضح رہے کہ بینکوں نے اکانٹ ہولڈز کی تفصیلات کے حوالے سے عدالت میں مقدمہ کیا ہوا تھا اس معاہدے کے بعد بینک اپنامقدمہ اگلے ہفتے واپس لے لیں گے ایف بی آر نے پاکستان بینکر ایسوسی ایشن کے کہنے پر انکم ٹیکس آرڈننس 2001میں پہلے ہی ترامیم کرا دی ہے۔ ترامیم کے بعد بینکوں کو تفصیلات دینے کے حوالے سے اب اعتراض ختم ہو جانا چاہیے۔