بینک اہلکاروں کی غلطیاں، رواں سال ہزاروں عازمین حج نہیں کر سکیں گے، سینیٹر زاہد خان

Zahid Khan

Zahid Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) سینیٹر زاہد خان نے قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کو بتایا ہے کہ بینکوں کی غلطی سے ہزاروں عازمین اس سال حج ادا نہیں کر سکیں گے، انہوں نے تحقیقات کیلئے معاملہ ایف آئی اے کے حوالے کرنے کی تجویز دے دی۔ بابر اعوان نے پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کو حج کا کوٹہ دینا آئین سے متصادم قرار دے دیا۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے اجلاس میں رکن کمیٹی زاہد خان نے توجہ دلائی کہ حج فارمز کی وصولی میں بینک اہلکاروں کی سنگین غلطیوں سے ہزاروں عازمین اس سال فریضہ حج کی ادائیگی سے محروم رہ گئے ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ معاملے کی چھان بین ایف آئی اے کے سپرد کرکے غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

سینیٹر بابر اعوان نے پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کو حج کوٹہ دینا آئین سے متصادم قرار دیا، انہوں نے تجویز دی کہ ٹور آپریٹرز کے درمیان مقابلے کی فضاء ہونی چاہئے جو سستا حج کرائے اسی کو کوٹہ بھی ملنا چاہئے۔

چئیرمین کمیٹی حافظ حمد اللہ نے کہا کہ بجلی اور گیس پر سبسڈی دی جاتی ہے لیکن حاجیوں کو نہیں۔

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے بتایا کہ رواں سال حج اخراجات کم کرکے ڈھائی لاکھ روپے کر دیئے، وزیر مملکت پیر امین الحسنات نے کہا کہ سعودی حکام نے پاکستانی حاجیوں کیلئے کھانے کی شرط ختم کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے، اس سال 20 ہزار روپے فی حاجی واپس کئے جائیں گے۔