کالعدم تنظیم کو ایزی پیسہ کے ذریعے 61 ہزار بھیجنے کا انکشاف

Taliban

Taliban

کراچی (جیوڈیسک) دکاندار نے عدالت میں دائر درخواست میں کالعدم تنظیم کے کارکنوں کو ایزی پیسہ کے ذریعے 61 ہزار روپے بھیجنے کا انکشاف کیا ہے۔

تمام فون اورقومی شناختی کارڈ نمبرز، ٹرانس آئی ڈی سے آگاہ کرنے کے باوجودپولیس ملزمان کے خلاف کارروائی نہیں کررہی، تفصیلات کے مطابق گاہی فقیر گوٹھ کورنگی انڈسٹریل ایریا کے رہائشی جاسم عرف جسم نے سیشن جج کی عدالت میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ اس کی مہران ٹائون کورنگی کے علاقے میں ایزی پیسہ ایزی لوڈ و دیگر اشیاسے متعلق کمیونی کیشن کی دکان ہے۔

23جنوری کو ایک شخص اس کی دکان پر آیا اور 5 مختلف موبائل نمبرز پر 61 ہزار روپے ایزی پیسہ کے ذریعے بھیجنے کا کہا جس پرمیں نے رقم کا تقاضہ کیا تو اس نے کہا کہ اس کا بھائی رقم لے کر آرہا ہے اوروہ تھوڑی دیر بعد یہاں پہنچ جائے گا، چند گھنٹوں کے بعد ایک اور شخص آیا جس نے اپنا نام سرور بتایا۔

رقم طلب کرنے پراس نے کہا کہ اس کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے اور رقم فنڈکے لیے کالعدم تنظیموں کے کارکنوں بھیجی گئی ہے اگردوبارہ رقم کا تقاضہ کیا تو تم کوغائب کردیں گے جس کے بعد میں نے متعلقہ تھانے کو تحریری درخواست دی جس میں کالعدم تنظیم کے کارندوں کے تمام موبائل نمبرز قومی شناختی کارڈز اور نام وایڈریس سے آگاہ کیا لیکن تاحال ملزمان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی، درخواست میں ملزمان کے خلاف کارروائی کی استدعاکی گئی ہے۔