کراچی (جیوڈیسک) پریس کانفرنس کرتے ہوئے حیدر عباس رضوی نے کورنگی نمبر ڈیڑھ میں ایم کیو ایم لیگل ایڈ کمیٹی اور متحدہ لائرز فورم کے رکن سید علی حسنین بخاری ایڈووکیٹ کے قتل پر شدید رد عمل کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ کے تمام خدشات درست ثابت ہو رہے ہیں۔ کالعدم تنظیمیں کھلے عام وارداتیں کر رہی ہیں لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں۔
خاص مکتب فکر کے لوگوں کو چن چن کر مارا جا رہا ہے۔ حیدر عباس رضوی نے کہا کہ کمیٹیاں اب کسی مسئلے کا حل نہیں رہیں بلکہ کالعدم تنظیموں کی سرکوبی کی ضرورت ہے۔ لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے کام کرنیوالے حسنین بخاری ایڈووکیٹ کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
رابطہ کمیٹی نے سید علی حسنین بخاری ایڈووکیٹ کے قتل کو سازش قرار دیتے ہوئے وزیراعظم، وزیر داخلہ، گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ سے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔