اسلام آباد (جیوڈیسک) نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردوں کی مالی معاونت کی روک تھام کے لئے بنائی گئی کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس کی صدارت وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کی۔
کمیٹی نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بتایا کہ کالعدم تنظیموں کی مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے، اسٹیٹ بینک کی ہدایت کے مطابق بینکوں کے لئے کالعدم تنظیموں کو خدمات فراہم کرنا ممنوع ہے۔
ارکان نے بتایا کہ مرکزی بینک کے علاوہ فنانس ڈویژن کے دیگر یونٹ بھی غیر قانونی رقم کی منتقلی کے کیسز میں ایف آئی اے سے رابطے میں ہیں۔
ایف آئی اے ہنڈی حوالے کے کیسز میں جامع تحقیقات کر رہا ہے جنکہ منی لانڈرنگ کے کیسز کی تحقیقات کے حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں میں مختلف تربیتی کورس بھی کروائے گئے ہیں۔