جنوبی وزیرستان (جیوڈیسک) سیکورٹی فورسز نے سابق صدر پرویز مشرف حملہ کیس کے اہم ملزم عدنان رشید کو جنوبی وزیرستان کے علاقہ شکئی سے گرفتار کر لیا ہے اور تحریک طالبان نے گرفتاری میں مخبری کرنے کا الزام وانا میں ملا نذیر گروپ کے طالبان پر لگایا ہے۔ جنوبی وزیرستان میں موجود بعض ذرائع کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف پرحم لے کا ملزم عدنان رشید شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کے دوران زخمی ہو کر جنوبی وزیرستان منتقل ہو گیا تھا جہاں سے 3 روز قبل اسے سیکورٹی فورسز نے ایک کارروائی کے دوران گرفتار کر لیا تاہم سرکاری طور پر ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ عدنان رشید آپریشن کے دوران زخمی ہوا یا گرفتاری کے لئے کی گئی کارروائی میں اسے زخم آئے۔
دعویٰ کیا گیا ہے کہ سیکورٹی فورسزنے عدنان رشید کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے نا معلوم مقام پر منتقل کر لیا ہے۔ عدنان رشید 2 سال 3 ماہ قبل اس وقت بنوں جیل سے فرارہوگیاتھا جب طالبان نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں کی رہائی کے لئے جیل توڑی تھی۔
تحریک طالبان پاکستان نےجنوبی وزیرستان کی تحصیل میں ایک پمفلٹ کے ذریعے عدنان رشیدکی گرفتاری میں مخبری کا الزام اپنے مخالف ملا نذیر گروپ پر لگایا ہے اور کہا ہے کہ عدنان رشید اوران کے 3 ساتھیوں کی گرفتاری میں اس گروپ کے دو کمانڈر ملوث ہیں جن سے عید کے بعد انتقام لیا جائے گا۔