اسلام آباد : پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹ (پی ایف یو سی) کے زیر اہتمام نئے اور نوجوان کالم نگاروں کیلئے فن کالم نگاری سے متعلق تربیتی ورکشاپ کا انعقاد آج بروز اتوار ہو گا۔ ورکشاپ میں پاکستان بھر سے پی ایف یو سی کے منتخب ممبران شریک ہوں گے جبکہ سینئر صحافی و تجزیہ کار مجیب الرحمن شامی، سجاد میر، فرنود عالم، عامر خاکوانی، رئوف طاہر، پروفیسر رفعت مظہر، بشریٰ اعجاز، ڈاکٹر عارفہ صبح خان، اختر عباس، گل نوخیز اختر، اجمل جامی اور شعبہ صحافت سے تعلق رکھنے والے دیگر سینئرز شرکاء کی کالم نگاری کے حوالے سے راہنمائی کریں گے جبکہ ترجمان پنجاب حکومت ملک احمد محمد خان، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق ، تحریک انصاف کے راہنما فواد چوہدری ، سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی پنجاب مصطفی نواز کھوکھر اور پاکستانی عوامی تحریک کے انفارمیشن سیکرٹری نور اللہ صدیقی بھی پاکستان کے مختلف گوشوں سے آئے شرکاء سے خطاب کریں گے۔
ورکشاپ کی صدارت پی ایف یو سی کے چیئرمین شہزاد چوہدری کریں گے۔ صدر پی ایف یو سی فرخ شہباز وڑائچ نے اس پروگرام کو قلم کاری کا شوق رکھنے والوں کیلئے انتہائی سودمند قرار دیا ہے اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ورکشاپ سے مستفید ہونے کے بعد شرکاء کی تحاریر میں پختگی آئے گی اور وہ مزید بہتر طریقے سے اپنی آراء کا اظہار کر سکیں گے۔