بنوں (جیوڈیسک) ملک بھر میں گرمی کے ساتھ ساتھ کئی شہروں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھتا جارہا ہے۔ بنوں کے مختلف علاقوں میں 22 گھنٹوں کی طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف لوگوں نے اجتجاج کرتے ہوئے بنوں کوہاٹ روڈ بلاک کر دیا۔ بنوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف لوگوں نے بنوں کوہاٹ پر دھرنا دیا ہوا ہے اور ٹائروں کو آگ لگاکر بنوں کوہاٹ روڈ ہرقسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا ہے۔
جس کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ مظاہرین کے مطابق بنوں اور مضافات میں 20 سے 22 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ روز مرہ کا معمول بن چکی ہے جسکی وجہ سے کاروبار ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے۔ ادھر شمالی بلوچستان میں شہری علاقوں میں 15 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 18 گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ سندھ میں 12 سے 14 گھنٹے اور پنجاب میں بھی صورتحال کچھ اسی طرح کی ہے 8 سے 10 گھنٹے بجلی نہیں ہوتی ہے۔