بنوں : ذہنی مریضوں کیلئے پاک فوج کی جانب سے میڈیکل کیمپ کا اہتمام

Camp

Camp

بنوں (جیوڈیسک) بنوں میں شمالی وزیرستان کے متاثرین میں موجودہ ذہنی امراض میں مبتلا افراد کے لئے پاک فوج نے فری میڈیکل کیمپ لگایا۔ ماہرین نے ڈھائی لاکھ سے زائد ذہنی مریضوں کی موجودگی کا انکشاف کیا ہے۔

شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب سے لاکھوں افراد بے گھر ہوگئے ہیں، جن میں سے ایک بڑی تعداد بنوں میں مقیم ہے، پاک فوج نے بنوں میں صحت کی دیگر سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ذہنی امراض میں مبتلا افراد کے لئے بنوں کے خلیفہ گلنواز میموریل ہسپتال میں فری میڈیکل کیمپ قائم کیا۔

وزیرستان میں بدامنی، ڈرون حملوں اور طالبان کی موجودگی کے باعث پہلے بھی ذہنی امراض میں مبتلا کی شرح زیادہ تھی ۔ تاہم حالیہ نقل مکانی کے باعث ان کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

فری میڈیکل کیمپ میں تمام مریضوں کو ایک ماہ کا علاج اور مفت ادویات فراہم کی گئیں، ایک ماہ بعد دوبارہ مریضوں کا چیک اپ کیا جائیگا۔ ماہرین کے مطابق ان کا مکمل علاج نہ ہوا تو یہ مرض خطرناک صورتحال اختیار کرسکتا ہے۔