بنوں: مختلف تنظیموں کی جانب سے متاثرین کی امداد جاری

North Waziristan,Victims

North Waziristan,Victims

بنوں (جیوڈیسک) بنوں میں مختلف تنظیموں کی جانب سے شمالی وزیرستان کے متاثرین کو امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ متاثرین کے پاس موجود نان کسٹم پیڈ گاڑیاں بھی عارضی طور پر رجسٹرڈ کی جارہی ہیں۔

آج دن بھر بنوں میں وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی جس سے موسم خوش گوار ہو گیا۔شمالی وزیرستان سےنقل مکانی کر کے بنوں آنے والےرجسٹرڈ خاندانوں کی تعداد 91 ہزار 97 ہو گئی۔ متاثرین میں خواتین اور بچوں سمیت 9 لاکھ 94 ہزار 504 افراد کی رجسٹریشن کی جاچکی ہے۔ متاثرین کی امداد کے لیے پیپلز پارٹی کی جانب سے 52 ٹرک راشن لے کر آج بنوں پہنچے ہیں۔

قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف خورشید شاہ اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو خود متاثرین میں امداد تقسیم کرنی تھی تاہم خراب موسم کے باعث ان کا دورہ بنوں ملتوی کر دیا گیا۔ بحریہ ٹاؤن کی طرف سے متاثرین کیلئے روزانہ افطار دسترخوان کا اہتمام کیا جاتا ہے جہاں بڑی تعدادمیں متاثرین افطار کرتے ہیں۔

آج صبح بنوں میں موسلادھار بارش ہوئی تو دو ماہ سے جاری شدید گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا۔ موسم خوشگوار ہوا تو متاثرین اور بنوں کے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ دوسری جانب متاثرین شمالی وزیرستان کے پاس موجود ہزاروں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کو عارضی طور پر رجسٹرڈ کیا جارہا ہے۔

ضلع میں تمام تھانوں کی حدود میں مقیم متاثرین کو پولیس کے ذریعے مطلع کیا گیا ہے کہ وہ ٹریفک پولیس کے پاس اپنی گاڑیوں کی عارضی رجسٹریشن کرائیں۔ تین دنوں میں اب تک سیکڑوں گاڑیاں رجسٹرڈ کی جاچکی ہیں۔