وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) بار ایسوسی ایشن وزیرآباد کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری بار ہال میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گوجرانوالہ سردار احمد نعیم اور ایڈیشنل سیشن جج وزیرآباد سید علی عمران تھے ۔سیشن جج نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی عملداری میں وکلاء کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہوتاہے۔تمام وکلاء ملکی تعمیر وترقی میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں۔
سر دار احمد نعیم نے نومنتخب عہدیدران سے حلف لیا ۔اس موقع پر سابق صدر افتخار احمد چوہان نے الوداعی تقریب کی اور اپنی نشست نومنتخب صدر بار چوہدری اعجاز احمد پرویا کے سپرد کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب صدر چوہدری اعجاز پرویا اور جنرل سیکرٹری شیخ بلال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیرآباد میں زیر تعمیر جوڈیشل کمپلیکس کیلئے مزید اراضی فراہم کی جائے۔
تاکہ تمام وکلاء کے چیمبرز اور بار ہال کی تعمیر ممکن ہو سکے انہوں نے کہا کہ وہ وکلاء برادری کی فلاح و بہبود کے لیے دن رات کام کریں گے ۔ایڈیشنل سیشن جج نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیرآباد بار ایسوسی ایشن کے مطالبہ کو جائز سمجھتے ہیں اور ان کے مطالبات کو پوارا کروانے کے لیئے ہر ممکن کو شش کررہے ہیں ۔اس موقع پر وکلاء کی کثیر تعداد موجود تھی۔