وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی) بار ایسوسی ایشن وزیرآباد سال -16 2015 کے انتخابی نتائج کے مطابق اعجاز احمد پرویا ایڈووکیٹ نے میدان مار لیا ہے۔صدارت کی سیٹ کیلئے چار امیدوار میدان میں اترے جن میں نومنتخب صدر کے علاوہ وقاص افضل چٹھہ ایڈووکیٹ، مسعود مغل ایڈووکیٹ اور محمد ریاض چٹھہ شامل تھے۔ کامیاب امیدوار اعجاز احمد پرویا نے217ووٹ حاصل کئے ۔ دوسرے نمبر پر آنے والے امیدواروقاص افضل چٹھہ نے 139 ، مسعود مغل نے 17 اور محمد ریاض نے ایک ووٹ حاصل کیا۔
اعجاز احمد پرویا ایڈووکیٹ کو سابق صدر بار و ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) مستنصر علی گوندل کی حمایت حاصل تھی۔جنرل سیکرٹری کی سیٹ سے عمران اکرم ٹھکرا اور محمد بلال شیخ ایڈووکیٹ کے درمیان ون ٹو ون مقابلہ ہوا جس میںشیخ بلال 200 ووٹ لیکر کامیاب رہے جبکہ مدمقابل امیدوار نے175 ووٹ حاصل کئے۔
سالانہ انتخابات میں الیکشن بورڈ کی صدارت کے فرائض سنیئر ایڈووکیٹ عرفان مقبول بٹ سرانجام دیئے جبکہ ممبران میںچوہدری اﷲ دتہ چیمہ اور چوہدری جمشید سلطان گھمن ایڈووکیٹس شامل تھے، احمد فراز خان لودھی ایڈووکیٹ ،میاں بلال منظور ایڈووکیٹ نے الیکشن بورڈ کی انتخابی عمل میں معاونت کی۔ پولنگ کا عمل صبح9 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاررہا۔ بار ایسوسی ایشن کی نئی کابینہ کے انتخاب کیلئے 451 وکلاء میں سے383 نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔۔اعتراض شدہ 5 جبکہ کاسٹ ہونے والے ووٹوں میں سے3مستر دہوئے۔نائب صدرکیلئے احسان اﷲ، فنانس سیکرٹری کیلئے نعمان قیصر ایڈووکیٹ پہلے ہی بلا مقابلہ نامزد ہوچکے ہیں۔ وکلاء نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور نومنتخب صدر ،سیکرٹری کو پھولوں کے ہار پہنا کر مبارکباد پیش کی۔
صدر صحافت بچائو تحریک سید شہباز بخاری، صدر پریس کلب دھونکل محمود احمد خان لودھی، نیاز احمد چوہان،سنیئر صحافی افتخار احمد بٹ اور دیگر نے جیتنے والے امیدواروں کو مبارکباد پیش کی ہے۔