سکاٹ لینڈ میں رائے شماری ہو سکتی ہے تو کشمیر میں کیوں نہیں: برجیس طاہر

Burgess Tahir

Burgess Tahir

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ برطانیہ اگر سکاٹ لینڈ میں رائے شماری کروا سکتا ہے تو کشمیر میں رائے شماری کیوں نہیں ہو سکتی۔ سکاٹ لینڈ میں رائے شماری اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی ضمیر اخلاقی اعتبار سے اس مقام پر پہنچ چکا ہے کہ بزور طاقت کسی خطہ کا الحاق اپنے یا کسی دوسرے ملک کے ساتھ برداشت نہیں کیا جاسکتا۔

سکاٹ لینڈ میں رائے شماری اور برطانوی ایوان نمائندگان میں مسئلہ کشمیر پر بحث ایک ایسا حسین اتفاق ہے جو کشمیریوں کیلئے خوشخبری کا باعث بنے گا۔ وہ جمعہ کو صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مغربی معاشرے کی یہخصوصیت ہے کہ ظلم و بربریت کی حوصلہ شکنی کرتا ہے جس کا واضح ثبوت برطانیہ کی جانب سے سکاٹ لینڈ میں رائے شماری ہے۔ اب کشمیر میں رائے شماری کی راہ ہموار ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی جانب سے یہ اقدام نہ صرف خوش آئند ہے بلکہ اس سے عالمی معاشرے میں برطانیہ کی قدرومنزلت میں اضافہ ہوا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جس طرح برطانیہ نے اپنے ملک میں رائے شماری کرائی ہے با لکل اسی طرح کشمیر کے اندر رائے شماری کروانے کیلئے بین الاقوامی معاشرے کے ساتھ مل کر اپنا کردار ادا کرے۔