بارسلونا (جیوڈیسک) اسپین میں پاکستان کے سفیر رفعت مہدی نے کہا ہے کہ امید ہے کہ بارسلونا میں فروری کے آخری ہفتے تک مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کا اجراء شروع ہوجائے گا، اس ضمن میںوزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے فارن افیئرز طارق فاطمی سے بات ہو چکی ہے،وہ بارسلونا میں ریڈ ایبل پاسپورٹ مشینری ایکسپرٹ کی تعیناتی پرفوری عمل درآمد کے لئے کوشاں ہیں۔
بارسلونا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ بنانے کا کام فی الحال سفارت خانہ میڈرڈ نے اپنے ذمہ لے لیا ہے۔ سفیر پاکستان رفعت مہدی کا مزید کہنا تھا کہ مجھے معلوم ہے کہ جب بارسلونا میں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کا اجراء شروع ہوگا تو وہ خود بارسلونا قونصلیٹ آفس میں اجراء کے عمل کی نگرانی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بارسلونا اور اس کے گردونواح میں پاکستانی کمیونٹی کی زیادہ تعداد آباد ہے اس لئے قونصلیٹ جنرل آف پاکستان بارسلونا سے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کے اجراء کے شروع ہونے تک ہم اس کام کو تقسیم کرتے ہوئے سفارت خانہ پاکستان میڈرڈ میںرات 9بجے تک کام کررہے ہیں۔
جس کے لئے قونصلر عمران حیدر، کمرشل قونصلر فیض احمد اور سیکنڈ سیکرٹری فرحانہ آصف کے علاوہ سفارت خانے کا تمام عملہ خدمات انجام دے رہا ہے۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ بارسلونا قونصلیٹ کا مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ بنانے کا 45 فیصد کام سفارت خانہ میڈرڈ مکمل کرے گا،جب تک بارسلونا قونصلیٹ میں کام شروع نہیں ہوتاپاکستانی کمیونٹی کو میڈرڈ سے پاسپورٹ بنوانا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم وزارت داخلہ کو بھی اس معاملے کی اطلاع دے چکے ہیں، جلد ہی مشین ایکسپرٹ بارسلونا میں تعینات ہو کر مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ بنانے کا عمل شروع کر دے گا۔واضح رہے کہ 2014ء میں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ نہ ہونے کےسبب پاکستانی کمیونٹی اسپین سے سعودی عرب حج کے لئے نہیں جا سکی تھی اور نہ ہی بزنس کمیونٹی دبئی کا بزنس ویزہ حاصل کر سکتی تھی۔