بارسلونا (جیوڈیسک) مشہور ہسپانوی کلب بارسلونا نے دفاعی چیمپیئن اٹلیٹکو میڈرڈ کو شکست دے کر 23ویں مرتبہ سپینش لیگ لالیگا اپنے نام کر لی ہے۔ واضح رہے کہ ٹھیک ایک سال قبل بارسا کے کیمپ نو میں اٹلیٹکو نے تاریخ رقم کرتے ہوئے بارسلونا کو شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
میچ شروع ہوا تو بارسلونا نے شروع سے ہی شاندار کھیل کا مظاہرہ کر کے اٹلیٹکو پر واضح کر دیا کہ وہ اس بار ٹائٹل کو آسانی سے نہیں دیں گے۔ میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ہی ٹیموں نے ایک دوسرے کے ہاف پر حملے کئے لیکن کوئی بھی گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔
دوسرے ہاف میں بارسلونا کی جارحیت میں اضافہ ہوا اور اس نے حریف کے گول پر لگاتار حملے کئے جس کا صلہ انہیں 65ویں منٹ میں اس وقت ملا جب لیونل میسی نے پیڈرو روڈری گوئز کے ساتھ مل کر ایک خوبصورت موو بنائی اور گیند کو جال کی راہ دکھا دی۔
یہ میسی کا اس سیزن میں 41واں گول تھا اور یہی گول میچ میں فیصلہ کن ثابت ہوا۔اٹلیٹکو کی ٹیم کو میچ برابر کرنے کے چند مواقع میسر آئے لیکن وہ اس سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے۔