بارسلونا(جیوڈیسک)دفاعی چیمپئن رافیل نڈال اور نکولس المیگرو نے بار سلونا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔سپین کے شہر بارسلونا میں جاری اے ٹی پی سنگلز ایونٹ کے سیمی فائنل میں میزبان ملک کے سٹار کھلاڑی رافیل نڈال نے کینیڈین حریف کو آٹ کلاس کیا۔
عالمی نمبر پانچ رافیل نڈال کو مائلوس رونیک کے خلاف سٹریٹ سیٹس میں چھ چار اور چھ صفر سے کامیابی ملی۔رافیل نڈال بارسلونا اوپن کا آٹھواں جبکہ سیزن کا چوتھا ٹائٹل جیتنے کے لیے پرعزم ہیں۔
دوسرے سیمی فائنل میں بھی سپین ہی کے نکولس المیگرو کا جرمنی کے فلپ کولشریبر کے خلاف پلڑا بھاری رہا ،فورتھ سیڈڈ المیگرو نے جرمن حریف کو یکطرفہ مقابلے میں چھ دو اور چھ ایک سے زیر کر کے فائنل میں سیٹ پکی کی جہاں ان کا مقابلہ ہم وطن اور ہوم فیورٹ رافیل نڈال سے ہو گا۔