کراچی (جیوڈیسک) آل پاکستان مسلم لیگ کے رہنما بیرسٹر محمد علی سیف نے ایم کیو ایم میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم میں شمولیت کے لئے پرویز مشرف سے مشاورت، اجازت اور دعائیں لے کر آیا ہوں۔
آل پاکستان مسلم لیگ کے رہنما بیرسٹر محمد علی سیف ایم کیو ایم میں شمولیت اختیار کرنے کے لیے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پہنچے تو ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار اور اراکین رابطہ کمیٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بیریسٹر سیف نے ایم کیو ایم میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشکل حالات میں پرویز مشرف کا ساتھ نہیں چھوڑا بلکہ ان کے مشورے اور اجازت کے بعد ایم کیو ایم میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ بیرسٹر سیف ماہر قانون ہونے کے ساتھ ساتھ ایک ڈاکٹر اور اچھے سیاست دان جو اس ملک کی سیاست کے امراض سے بخوبی واقف ہیں۔ بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف اور ایم کیو ایم کے نظریے میں اختلاف نہیں ہے۔ اس وقت ملک کی خدمت کرنے کے لیے ایم کیو ایم سے بہتر کوئی پلٹ فارم نہیں ہے۔