لاہور (جیوڈیسک) سری لنکا کے مایہ ناز بیٹسمین کمارا سنگاکارا ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پاکستان کے خلاف سب سے زیادہ 2486 رنز بنا کر ریکارڈ قائم کر چکے ہیں۔ عبدالرحمان سنگاکارا کو سب سے زیادہ چار بار آوٹ کرنے والے پاکستانی باولر ہیں۔
تاہم عالمی میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سنگاکارا کی وکٹ لینا بہت مشکل کام ہے۔ وہ جب کھیلنے آتا ہے تو لگتا ہے جیسے باہر سے سیٹ ہو کر آیا ہو اور دو دن سے کھیل رہا ہو۔ اے بی ڈویلیر بھی مشکل بیٹسمین ہے مگر اس کی خامی مل جاتی ہے۔
سنگاکارا کو آوٹ کرنا تو قلعہ فتح کرنے کے مترادف ہے۔ چونتیس سالہ عبدالرحمان بیس ٹیسٹ میچوں میں 95 وکٹیں لیے چکے ہیں،اور موقع ملنے کی صورت میں وکٹوں کی ٹیسٹ سینچری مکمل کرنے کی کوشش کریں گے، تاکہ وہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف بھی ٹیم کا حصہ بن سکیں۔ ذوالفقار بابر بھی عبدالرحمان کے ساتھ اب پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کی دوڑ میں شامل ہیں۔
اس بابت عبدالرحمان کہتے ہیں کہ ذوالفقار بہت اچھا باولر ہے۔ تاہم میں نے کبھی اس سے مقابلے کا نہیں سوچا البتہ میری شدید خواہش ہے کہ ذوالفقار بابر کے ساتھ کوئی ٹیسٹ میچ کھیل سکوں، ایک اینڈ سے ذوالفقار اور دوسرے سے میں باولنگ کروں تاکہ دنیا کو علم ہو سکے کہ لیفٹ آرم سپن باولنگ کیا ہوتی ہے۔