اسلام آباد / ریاض (نوید فاروقی) بزمِ ریاض (پاکستان) کے زیرِ اہتمام ایک تقریب اسلام آباد میں منعقد کی گئی، جس کے مہمانانِ خصوصی سابق ممبر قومی اسمبلی، معروف سماجی شخصیت پاک سویٹ ہومز کے پیٹرن انچیف جناب زمرد خان اور ڈائریکٹر وزارت خارجہ و سابق ناظم الامور سفارتخانہ پاکستان ریاض جناب عباس سرور قریشی تھے۔
تقریب کی نظامت کے فرائض بزمِ ریاض کے مرکزی سیکرٹری جنرل جناب تصدق گیلانی نے خوش اسلوبی سے سرانجام دئیے. تلاوتِ قرآنِ کریم سے تقریب کی ابتداء ایس اے بخاری نے کی، ناظم تقریب تصدق گیلانی نے بزمِ ریاض کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور اسکا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ بزمِ ریاض سعودی دارالحکومت ریاض میں مقیم پاکستانیوں کی نمائندہ ادبی، سماجی و ثقافتی تنظیم هے اور اس کا باضابطہ قیام 14 اگست 2015 یومِ پاکستان کے موقع پر سفارتخانہ پاکستان ریاض میں منعقدہ ایک تقریب میں عمل میں لایا گیا۔
اس موقع پر تصدق گیلانی نے باضابطہ طور پر بزمِ ریاض (پاکستان) کے قیام اور انجینئر کامران اصغر کو اسکا کوآرڈینیٹر مقرر کرنے کا اعلان کیا. عباس سرور قریشی نے اپنے خطاب میں بزمِ ریاض کے عملی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بزم نے اپنے قیام سے لے کر اب تک کی قلیل مدت میں پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کے حوالے سے جو شعور اجاگر کیا هے وہ لائقِ تحسین هے. انہوں نے اپنا خطاب جاری رکهتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خدمت ہی ہمارا نصب العین هے اور قائداعظم محمد علی جناح کے راہنماء اصولوں پر عمل پیرا ہوکر ہم اپنے وطن عزیز کو کامیاب اور خوشحال بنا سکتے ہیں۔
زمرد خان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بزمِ ریاض کے اغراض و مقاصد کو بے حد سراہا اور کہا کہ وہ آج کی اس تقریب میں شرکت کرکے بے پناہ خوشی محسوس کر رهے ہیں کیونکہ بیرون ملک مقیم پاکبانوں نے ایک ایسی بزم کی بنیاد رکهی هے جس کا مقصد خالصتاً پاکستان کی محبت اور خدمت سے عبارت هے اور آج پاکستان کے مرکز اسلام آباد میں بزمِ ریاض کی اولین تقریب منعقد کرنے پر میں منتظمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتا ہوں۔
زمرد خان نے اپنے خطاب میں پاک سویٹ ہومز کے منصوبوں پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ابتک یتیم بچوں کی کفالت کے حوالے سے ہمارے قائم کردہ ادارے کا دائرہ کار پاکستان کے تمام صوبوں میں پهیلا ہوا هے اور 31 سویٹ ہومز مختلف علاقوں میں اس عظیم مقصد کے لئے قائم کئے جاچکے ہیں جن میں بچوں کو بہترین تعلیمی و رہائشی سہولیات میسر ہیں. زمرد خان نے اس موقع پر بزم کے ممبران کو بروز جمعہ پاک سویٹ ہومز اسلام آباد کے تفصیلی دورے کی دعوت دی جسے بزم کے ممبران نے بخوشی قبول کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
انجینئر کامران اصغر نے بزم ریاض پاکستان کے حوالے سے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اس کے مقاصد کو عملی جامہ پہنانے کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے اور پاکستان میں ایک مثبت معاشرے کی تکمیل ان کا مقصد ہوگا، پاکستان کے مشاہیر اور قومی دنوں کی مناسبت کے ساتھ ساتھ نمایاں خدمات انجام دینے والوں کی بهی حوصلہ افزائی کی جائے گی، وہ جلد ہی اس سلسلے میں بزم کا اجلاس منعقد کرکے آئندہ کا لائحہ عمل تشکیل دیں گے۔
تقریب میں فیضان اکرم، اسد اشرف، محمد پرویز اور دیگر خواتین و حضرات نے بهرپور شرکت کی، دریں اثناء سعودی دارالحکومت ریاض سے بزمِ ریاض کے صرر ریاض راٹهور، ناظم الامور وقار نسیم وامق، تنویر میاں. نقی حسن، شفیق خواجہ، سرحان مصطفیٰ ، عمران شاہ، حسن مہدی اور جملہ اراکین نے اپنے پیغام میں بزمِ ریاض پاکستان کے قیام کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنی نیک خواہشات اور تعاون کا یقین دلایا. تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دیا گیا۔