اسلام آباد (جیوڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاک بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات اوفا میں کل ہوگی ، وزیراعظم کی روس کے صدر ولادی میرپوٹن ،چین کے صدر شی چن پنگ اور افغان صدر اشرف غنی سے بھی ملاقات متوقع ہے، بی بی سی ڈاکیو منٹری پر برطانوی حکومت کے جواب کا انتظار ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ بھارت نے وزیر اعظم نواز شریف اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان ملاقات کی تجویز دی ۔ حکومت پاکستان نے مجوزہ ملاقات کا مثبت جواب دیا جس کے نتیجے میں پاک بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات کل روس کے شہر اوفا میں ہوگی۔
ترجمان کے مطابق اوفا میں قیام کے دوران وزیر اعظم کی روس کے صدر ولادی میرپوٹن ، چین کے صدر شی چن پنگ اور افغان صدر اشرف غنی سے بھی ملاقات متوقع ہے ۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف برکس کے ساتویں اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ امید ہے شنگھائی تعاون تنظیم کی رکنیت مل جائے گی ۔ خلیل اللہ قاضی نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ بی بی سی ڈاکیومنٹری پر برطانوی حکومت کے جواب کا انتظار ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا پاکستان پراکسی وار کا مخالف ہے ، داعش پاکستان کے لیے خطرہ ہو سکتا ہے ، طالبان اور افغان حکومت مذاکرات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔