اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کا اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بی بی سی کی رپورٹ میں انتہائی اہم اور احساس انکشافات کئے گئے ہیں۔ برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن سے آج اہم ملاقات ہوئی جس میں متحدہ قومی موومنٹ کے حوالے سے بی بی سی کی رپورٹ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
چودھری نثار نے کہا کہ بی بی سی کے انکشافات کی تحقیقات ضروری ہیں کیونکہ حکومت ان حقائق کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہتی ہے۔ بی بی سی کی رپورٹ ایم کیو ایم کے رہنماء عمران فاروق قتل کیس سے زیادہ حساس اور اہم معاملہ ہے۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ عمران فاروق قتل کیس میں ہماری ایجنسیز نے برطانیہ کو انتہائی اہم معلومات فراہم کیں۔ اب ہم برطانیہ سے رپورٹ کے حقائق تک رسائی کیلئے مدد کی درخواست کرینگے۔ اس حوالے سے حکومت پاکستان کی جانب سے برطانوی حکومت کو باضابطہ خط لکھ رہا ہوں۔
برطانیہ کی ذمہ داری ہے کہ اس حساس مسئلے پر پاکستان کی مدد کرے۔ برطانیہ نے سے ایک دفعہ رسائی ملنے سے دروازے کھلتے جائیں گے۔
چودھری نثار نے میڈیا سے اپیل کہ اس رپورٹ کو ایم کیو ایم کے محب وطن کارکنوں اور ووٹرز سے منسوب نہ کیا جائے۔ بی بی سی کی رپورٹ چند مخصوص لوگوں کیلئے ہے۔ رپورٹ کے حقائق کو ایم کیو ایم کیخلاف بطور پارٹی منسوب نہ کیا جائے۔