گوجرانوالہ (جیوڈیسک) گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی طرف گامزن ہے۔ 2017ء کے آخر تک ملک سے بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں سحری اور افطاری کے اوقات میں لوڈ بڑھ جاتا ہے جس کی وجہ سے لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ سسٹم کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ بی بی سی کی ایم کیو ایم کے بارے رپورٹ انتہائی سنجیدہ اور نازک معاملہ ہے اس کو حکومت سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ایک نمائندہ جماعت ہے اسے اپنے گریبان میں جھانکنا ہوگا۔ کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں لیکن دشمن ممالک سے فنڈنگ لینے والوں کے خلاف پاکستانی قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ پاکستان کی سلامتی، جمہوریت اور بقاء کے لئے حکومت بہت سنجیدہ ہے۔