اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بی بی سی کے الزامات سچ نکلے تو یہ ثابت ہوجائے گا کہ ایم کیو ایم والے محب وطن نہیں بلکہ ہندوستانی ہیں جو محض پیسوں کی خاطر بھارت کا ساتھ دیتے رہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ایم کیو ایم ملک کی ایک بڑی نمائندہ جماعت ہے جو صوبائی اور وفاقی حکومتوں کا حصہ بھی رہی لہٰذا بی بی سی کی رپورٹ کی صرف تردید کرنے اور اسے ٹیبل اسٹوری کہنے سے جان نہیں چھوٹ سکتی۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو اپنی ساکھ بچانے کے لیے عدالت سے رابطہ کرنا چاہیے اور برطانیہ کا عدالتی نظام بہت مضبوط ہے جس سے سچ اور جھوٹ کا پتا چل جائے گا۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بی بی سی کے الزامات سچ نکلے تو یہ ثابت ہوجائے گا کہ ایم کیو ایم والے محب وطن نہیں بلکہ ہندوستانی ہیں جو محض پیسوں کی خاطر بھارت کا ساتھ دیتے رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک اس وقت حالت جنگ میں ہے اور دہشت گردی کے خلاف ایک بڑی جنگ لڑرہا ہے ایسے میں ملک کی سیاسی جماعت کے خلاف اتنا سنگین الزام لگنا آپریشن ضرب عضب کو سبوتاژ کرسکتا ہے۔