ریچھ تھکن دور کرنے کیلئے بجلی کے کھمبے پر سو گیا

Bears

Bears

اٹاوا (جیوڈیسک) میڈیا رپورٹ کے مطابق کینیڈا میں ایک ریچھ نے بجلی کے کھمبے پر سو کر بجلی کمپنی کے ملازمین کو اس وقت حیران کر دیا جب انھوں نے دیکھا کہ ریچھ مزے سے بجلی کے کھمبے پر سو رہا ہے۔

صوبہ سسکاچون کے قصبے شیلبروک کے ایک رہائشی نے بجلی کمپنی کو ریچھ کے بارے میں اطلاع دی تو کمپنی نے فوراً اپنے عملے کو وہاں روانہ کر دیا۔ کمپنی کے ترجمان نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ جب عملے کے لوگ شیلبروک پہنچے تو انھوں نے دیکھا کہ ریچھ کھمبے کے اوپر چڑھ چکا ہے۔

شروع شروع میں وہ جاگ رہا تھا لیکن لگتا ہے بعد میں اسے یہ جگہ آرام دہ محسوس ہوئی اور اس نے سوچا کیوں نہ کھمبے پر ہی تھوڑی دیر سو لوں۔ فیس بُک پر ایک پیغام میں کمپنی کا کہنا ہے کہ انھیں خدشہ تھا کہ ریچھ نیچے اترتے ہوئے کہیں خود کو زخمی نہ کر لے اس لئے وہ سوچ رہے تھے۔

کہ کیوں نہ علاقے کی بجلی منقطع کر کے ریچھ کو نیچے اتارنے کا بندوبست کیا جائے لیکن تھوڑی دیر ’پاور نیپ‘ لینے کے بعد ریچھ خود ہی جاگ گیا اور کھمبے سے پھسلتا ہوا نیچے آ گیا۔ جہاں تک ہمارا خیال ہے اسے کوئی نقصان نہیں پہنچا اور اس نے نیچے اتر کر اپنی راہ لے لی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ریچھ نا صرف خود کو نقصان پہنچائے بغیر نیچے اتر آیا بلکہ اس نے کھمبے پر بھی توڑ پھوڑ نہ کی اور نہ ہی بجلی بند کی۔ سسکاچون کے صوبے کی آبادی بہت کم ہے اور یہاں ریچھ مزے سے گھومتے پھرتے رہتے ہیں تاہم وہ بجلی کے کھمبوں پر روز روز نہیں چڑھتے۔ صوبائی حکومت نے لوگوں کو تفصیلی ہدایات فراہم کر رکھی ہیں کہ وہ سیاہ ریچھوں کے رستے میں آنے سے کیسے پرہیز کر سکتے ہیں۔