بصیرت افروز عبارتوں اورخوشنما منظر نگاریوں سے آراستہ مصنف نسیم احمد کی کتاب مسجد الحرام، بیت اللہ کعبہ شریف
Posted on December 23, 2013 By Geo Urdu سٹی نیوز
کتاب: مسجد الحرام، بیت اللہ کعبہ شریف
مصنف: نسیم احمد بن حاجی کرم الدین
تبصرہ نگار: جاوید اختر جاوید
کتاب کے مصنف ، محقق اور مورخ نسیم احمد صاحب نے زندگی کا بڑا حصہ خاموشی اور تنہائی کے ایک فکر انگیز طرزِاحساس کے ساتھ گزارا ہے، وہ بنیادی طور پر ماہرِ تعمیرات ہیں اور ان کی تدقیقی شخصیت اسلامی فکر میں پگھلتی ہوئی محسوس ہوتی ہے، قرآن سے انہیں خاص شغف ہے اور خانہ کعبہ سے انہیں والہانہ عقیدت ہے مصنف کی محققانہ تحقیق کی ابتدا و انتہا دعا سے ہوتی ہے اور بنامِ مسجد الحرام ایک قصیدہ بھی کتاب میں شامل ہے۔
قصیدہ عربی ادب کی ایک قدیم صنف ہے جسے عربی ادب میں ایک خاص مقام حاصل ہے ،مصنف نسیم احمد آئینہ لے کر تاریخِ کعبہ سے تصنیف میں اس طرح نقاشی کرتے ہیں کہ متن میں عکاسی جھلکتی ہوئی محسوس ہوتی ہے ، انہوں نے قدیم حرم شریف کی عہد بہ عہد توسیع اورتعمیر کے contentsکو اس فنکاری سے Draftکیا ہے کہ بصیرت افروز عبارتیں اورخوشنما منظر نگاریاں فکر و نظر کو جلا بخشتی ہیں اور دماغ عطر پیراہن میں ملبوس آگہی حاصل کرتا ہے اور قلب کی دھڑکن تاریخِ کعبہ شریف کا عرفان عطا کرتی ہے، اگر اسلامی فکر کی حرارت طبیعت میں زندہ ہو تو بیت اللہ شریف کی عقیدت حسیں لفظوں میں ڈھل کر طرزِ بیاں تک آجاتی ہے اور جنوں فرد کے کمال تک پہنچ جاتا ہے۔
سمندر سے لیا ہے ایک قطرہ
نہ پوچھو حال اپنے علم و فن کا
مجھے مصنف نسیم احمد کی اس کتاب کو دیکھ کر غیر معمولی خوشی ہوئی جو محض رسمی نہیں فطری ہے ، الفیصل پبلشرز لاہور نے سیاق و سباق کو مدِنظر رکھتے ہوئے فائن آرٹ کی پیوند کاری اور جس خوبصورت Get upکے ساتھ اس کتاب کو شائع کیا ہے یہ کام وہی کرسکتا ہے جس کا دل مسلمان ہو اور وحدہ لاشریک ایمان ہو۔ کتاب کے مضامین ایک الگ روشنی رکھتے ہیں جو انوکھا لطف اس کتاب کو پڑھنے سے ملتا ہے اس کا جواب نہیں، قدیم و نادر تصاویر کی منظر کشی سے آنکھوں کو روشنی اور روح کو تازگی اور فرحت ملتی ہے، کتاب ہر لحاظ سے خوبصورت مرقع اور مرصع ہے اور تاریخِ کعبہ شریف کا روشن باب ہے۔
کرو عبادت اسی خدا کی
جو ربِ کعبہ ہے ربِ قبلہ
زمیں کا خالق فلک کا خالق
جو تیرا رازق جو میرا رازق
کتاب حاصل کرنے کے لئے مندرجہ ذیل پتہ پر رابطہ کریں،
ناشر: محمد فیصل، الفیصل پبلیکیشنز، غزنی سٹریٹ ، اردو بازار، لاہور