طاہر القادری ہمارے تحفظات دور کریں، صاحبزادہ ابوالخیر

Tahir-ul-Qadri

Tahir-ul-Qadri

حیدرآباد (جیوڈیسک) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنما رحیق احمد عباسی نے جے یو پی کے مرکزی صدر اور ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کو ٹیلی فون کیا اور انقلابی تحریک میں شرکت کی دعوت دی صاحبزادہ زبیر نے کہا کہ قوم حکمرانوں کے کالے کرتوتوں سے پریشان ہے اور تحریک کے لئے فضا سازگار ہے لیکن کوئی ایک یا دو جماعتیں تحریک چلا کر کامیابی حاصل نہیں کر سکتیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کئی ماہ پہلے تحریک کے اہم عہدیداروں کو مشورہ دیا تھا کہ ڈاکٹر قادری صاحب ملک کی اہم مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں سے فرداََ فرداََ خود ملاقاتیں کریں اور تحریک کےلئے سب کو اعتماد میں لیکر کوئی مشترکہ لائحہ عمل طے کریں اور ان سب جماعتوں کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کریں، اب جبکہ انہوں نے ایک تحریک کا آغاز کردیا ہے اس مرحلے میں کوئی جماعت اپنے تحفظات دور کئے بغیر اس تحریک میں کیسے شامل ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں تمام بڑی جماعتوں نے ملکر تحریک ناموس رسالت چلائی تھی، سب نے ممتاز قادری کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا جبکہ ڈاکٹر قادری صاحب اس کو قاتل قرار دیکر اس کی سزاکا مطالبہ کررہے ہیں، ہماری پارٹی کا ان کی تحریک میں شمولیت کے لئے سب سے بڑا تحفظ ان کا یہی نظریہ اور مطالبہ ہے جب تک ہمارا یہ تحفظ دور نہیں ہوتا، ہم ان کے ساتھ کسی تحریک میں شامل نہیں ہوسکتے۔