پشاور (جیوڈیسک) بیگم نسیم ولی خان کا باچا خان یا ولی خان کے نام سے نئی پارٹی بنانے کا اعلان، کہتی ہیں باچا خان کے فلسفے سے ہٹنے والے کی حمایت نہیں کر سکتے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیگم نسیم ولی خان کا کہنا تھا کہ اے این پی نے کرپشن کا بازار گرم کیا، عوامی نیشنل پارٹی کے وزرا اور عہدیدارن نے اپنے دور حکومت میں سرکاری دفاتر میں لوگوں سے پیسے لیتے تھے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا اب ان کے خلاف نیب کے فیصلے آنے شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ چوروں کی ساتھی نہیں بننا چاہتی اس لئے اے این پی کے پارٹی الیکشن میں بھی حصہ نہیں لیں گی۔
بیگم نسیم ولی خان نے کارکنوں سے اپیل کی کہ کارکن باچا خان کے فلسفے سے رہنمائی حاصل کریں وہ ایک نئی سیاسی جماعت قائم کر رہی ہیں جو باچا خان کے فلسفے پر عمل پیرا ہو گیا۔
انہوں نے کہا ہم چوروں کا ساتھ دیں گے نہ ان کو اپنے ساتھ شامل کریں گے اور باچا خان کے کارکنوں کے ساتھ مل کر ایجنڈا اور منشور تیار کیا جائے گا۔