اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم عمران خان دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ گول میز سیشن میں شریک ہیں۔ انٹرنیشنل کنونشن سینٹر آمد پر وزیراعظم عمران خان کا چینی صدر شی جن پنگ نے استقبال کیا۔ کانفرنس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سمیت دیگر عالمی رہنما بھی شریک ہیں۔
گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چینی صدر نے کہا کہ ہمیں اپنی سرحدوں کو تجارت کے لیے کھولنا ہوگا، بنیادی ڈھانچے اور صنعتی ترقی کے لیے مزید کام کرنا ہوگا، ہم مشترکہ جدوجہدسے لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنا سکتے ہیں۔
صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ عوامی سطح پررابطوں کو فروغ دینا ہوگا، پوری دنیا میں معیشت کو بڑے چیلنجز درپیش ہیں، ہمیں اقوام متحدہ کے 2030 کے ایجنڈے پر مل کر کام کرنا ہوگا، ماحولیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنی ہوں گی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان چار روزہ سرکاری دورے پر چین میں موجود ہیں جہاں انہوں نے دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں اظہار خیال کیا۔ اس کے علاوہ عمران خان اپنے دورے میں چین کی مرکزی قیادت سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔