اٹلی (اصل میڈیا ڈیسک) اٹلی کے وزیر خارجہ لوگی دی مایو نے جمعرات کی شام روم میں ‘ اے ایف پی ‘کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اعلان کیا ہے کہ لبنان کے دارالحکومت بیروت میں پورے خطے کے تباہ کن خونی دھماکوں کے بعد اٹلی “بین الاقوامی ردعمل” کی حمایت کرتا ہے۔
ایک ایسے وقت میں جب فرانسیسی صدر عمانوئل میکروں بیروت کے دورے پر تھے اطالوی وزیر نے کہا کہ یقینا بین الاقوامی ردعمل سامنے آئے گا اور مجھے خوشی ہے کہ فرانس جیسے ممالک لبنان کی مدد کرنے کی صف میں آگے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم لبنانی حکومت اور لبنانی عوام کی مکمل حمایت کریں گے جو پہلے ہی سیاسی اور معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ دی مایو نے کہا کہ ہم لبنانی عوام کے شانہ بشانہ ہیں اور ہم آنے والے وقتوں میں بیروت کی زیادہ سے زیادہ مدد کے لیے کام کریں گے۔
انہوں نے کہا لبنان میں جو کچھ ہوا وہ ایک المیہ ہے جس نے لبنانی عوام کو متاثر کیا۔ ہمارے نقطہ نظر سے لبنان جیسے دوست ملک کی مدد کا مطلب بھی عدم استحکام کی راہ روکنا ہے اور لبنان میں امن اور خوشحالی کے لیے کام کرنا ہے۔