بیروت (جیوڈیسک) لبنان کے دارالحکومت بیروت کی سڑکوں پر کچرے کے خلاف احتجاج کے دوران سیکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں 16 افراد زخمی ہو گئے۔
لبنان کے دارالحکومت بیروت کی سڑکیں کوڑا کرکٹ سے بھر گئیں تو کچرے سے پریشان ہزاروں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر حکومت اور سیاسی رہنماوں کے شدید نعرے لگائے۔ اس دوران بعض مظاہرین نے سیکیورٹی فورسز پر بوتلیں اور فائر کریکر پھینکے۔
مظاہرین نے پارلیمنٹ ہاؤس جانے کی کوشش کی تو سیکیورٹی فورسز نے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ ، لاٹھی چارج اور واٹر کینن کا استعمال کرکے مظاہرین کو منتشر کردیا۔ سیکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں کم ازکم 16 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔