بیلوہوریزونٹے (جیوڈیسک) میچ کے شروع ہونے سے پہلے بیلجئم کی ٹیم فیورٹ تصور کی جا رہی تھی، لیکن الجزائر نے توقع کے برعکس عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے یورپی ملک پر ایک گول کی برتری حاصل کر لی جو پہلے ہاف کے اختتام تک قائم تھی۔
میچ کے آغازپر الجزائر نے دفاعی حکمت عملی اپنائی۔ الجزائر کی حکمت عملی اس وقت کامیاب ہوئی جب اس نے موقع ملنے پر مخالف ٹیم کے گول پر حملہ کیا۔ بیلجیم کے دفاعی کھلاڑی ورٹانگن کی غلطی کی وجہ سے الجزائر کوپنلٹی کک مل گئی جس پر صوفیانے فغولی نے گول کر کے الجزائر کو برتری دلوا دی۔
ماہرین اس خدشے کا اظہار کر رہے تھے کہ اگر بیلجیم نے دوسرے ہاف میں اپنے کھیل کا انداز نہ بدلا تو ٹورنامنٹ کا ایک اور اپ سیٹ ہو سکتا ہے۔ دوسرے ہاف بیلجیم نے سب سے اہم تبدیلی کی جب مڈ فیلڈر ڈیمبیلی کو واپس بلا کر میراون فلینی کو میدان میں اتار گیا۔
مانچسٹر کلب کے میراون فلینی نے میدان میں اترتے ہی کھیل کا نقشہ ہی بدل کر رکھ دیا۔ اس نے پہلے خود ہیڈر پرگول کیا اور پھر مارٹنز کو گول کرنے میں مدد دی۔