بیلجئیم: یہودیوں کے عجائب گھر پر فائرنگ، 3 افراد ہلاک، 1 زخمی

Belgium

Belgium

برسلز (جیوڈیسک) بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں یہودیوں کے عجائب گھر پر فائرنگ سے تین افراد ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔ اسرائیلی وزیراعظم نے اس واقعے کو یورپ میں یہود اور اسرائیل مخالف جذبات کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ آور مقامی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے کے قریب ایک کار میں یہودیوں کے عجائب گھر پہنچا اور میوزیم کے مرکزی دروازے پر فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہو گیا۔

واقعے میں تین افراد مارے گئے جبکہ ایک شدید زخمی ہوا۔ حملے کے بعد اسرائیلی وزیراعطم بنجمن نیتن یاہو نے ایک بیان میں کہا کہ یورپ میں اسرائیلی ریاست کے خلاف بہتان اور جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈے کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ یورپ میں یہودیوں اور اسرائیلی ریاست کے خلاف لوگوں کو اْکسانے کا نتیجہ ہے۔