اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ جب منظرعام پر آئے گی اس کے بعد اسے پڑھیں گے اور یقین ہے کہ حکومت کی جانب سے جو تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے رپورٹ اس کے برعکس ہوگی۔
جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ اگر جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ آگئی ہے اور حکومت کے موقف کی تائید کرتی ہے تو اسے اب تک شائع کیوں نہیں کیا گیا، اگر کمیشن کی رپورٹ حکومت کے حق میں ہوتی تو اب تک اس کے 2 چار صفحات پڑھ کر سنا دیئے جاتے۔
تاہم ہمیں یقین ہے کہ کمیشن کی رپورٹ حکومت کے موقف کی تائید نہیں کرتی اس لئے اسے شائع کرنے میں تاخیر کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی دھاندلی سے متعلق جو ثبوت لانا چاہتے تھے وہ کمیشن کے سامنے پیش کئے ہیں، تھوڑا صبر کیا جائے اور رپورٹ منظرعام پر آنے دیا جائے۔