کراچی (جیوڈیسک) آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے پولیس کو ہدایت جاری کی ہیں کہ تمام پولیس اسٹیشن میں خواتین اور بچوں کے لیے علیحدہ ڈیسک قائم کی جائے تاکہ ایسے مقدمات اور شکایات کا ازالہ فوری طور پر کیا جاسکے۔
سینٹرل پولیس آفس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈی این اے لیب کے قیام کے عملی اقدامات کیے جائیں۔ اشتہاریوں اور مفرور ملزمان کی گرفتاریوں کے لیے مہم کو مزید تیز کیا جائے۔
انہو ں نے اغواءبرائے تاوان اور مسنگ پرسن کے حوالے سے درج مقدمات کا بھی جائزہ لیا اور مغویوں کی برآمدگی کے لیے انٹیلی جنس کو مزید موثر بنانے کی ہدایات دیں۔
آئی جی سندھ نے ٹارگٹ کلنگ کے واقعات بالخصوص مسلک کی بنیاد پر قتل کے واقعات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ریجن کی سطح پر بین المسالک امن کمیٹیاں بحال کی جائیں اور انتشار پھیلانے والے سازشی عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔