کراچی (اسٹاف رپورٹر) پہلوان گوٹھ، گلستان جوہر اور شاہ فیصل کالونی میں محترمہ بے نظیر بھٹو کی 7 ویں برسی کے موقع پر دعائیہ تقریبات کا انعقاد پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کارکنان اور مذہبی و سیاسی اور سماجی رہنمائوں کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی اس موقع پر برسی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء نور محمد انگریز اور سلیم الدین انصاری نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی عظیم قربانی کو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائیگا
بے نظیر بھٹو نے عوامی حقوق اور جمہوریت کے استحکام کے لئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے امر ہوگئیں رہنمائوں نے کہاکہ سیاسی تاریخ میں ایسی عوامی لیڈر صدیوں میں پیدا ہوا کرتی ہیں انہوں نے کہاکہ محترمہ بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی غریب عوام کی میراث ہے
قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور قائد جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو وحدت کی علامت تھیں رہنمائوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قائد ین کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے ملک کی ترقی عوامی خوشحالی اور جمہوریت کے استحکام کی جدو جہد کو جاری رکھا جائے گا ۔اس موقع پر منعقدہ دعائیہ تقریب میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی ایصال ثواب کے لئے خصوصی دعاء کی گئی اور لنگر تقسیم کیا گیا۔