کراچی (جیوڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک دشمن دیکھ لیں بی بی شہید کا بیٹا آج تک زندہ ہے ، کارساز میں دہشتگردوں نے بی بی شہید کے کارواں پر نہیں بلکہ عوام کی امیدوں پر حملہ کیا ، بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ میرا پاکستان ہے اور میں ہی اس کی حفاظت کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ بی بی کی شہادت کے باوجود ہم نے ملک میں جمہوریت کے استحکام کیلئے کام کیا ، سانحہ کارساز کے شہدا کی یاد میں منعقدہ ریلی سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ملک سے ایک آمر کو نکال کر جمہوریت بحال کی اور عوام کو ان کے حقوق دلائے ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت ہی بہترین انتقام ہے ۔ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے اس ملک کیلئے اپنی جان کا نذرانہ دیا اس کے علاوہ میرے لئے وہ کارکن بھی قابل احترام ہیں جنہوں نے بینظیر بھٹو شہید کے جلسے میں سانحے کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
2007 میں بے نظیر بھٹو شہید جب وطن واپس آئیں تو اپنے لئے نہیں بلکہ اس ملک کے غریب اور بے بس عوام کو ان کے حقوق دلانے کیلئے واپس آئیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام مایوس نہ ہوں ، تیر کمان سے نکل چکا ہے ، بی بی کا بیٹا میدان میں آ چکا ہے ، انہوں نے کہا کہ میں سندھ میں تبدیلی لے آیا ہوں اور اب اپنی پارٹی میں تبدیلی لا رہا ہوں ، اگر عوام میرا ساتھ دیں گے تو ہم مل کر پاکستان میں بھی تبدیلی لے آئیں گے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم سب کو مل کر بینظیر بھٹو شہید کے اس ادھورے مشن کو مکمل کرنا ہوگا ، تخت لاہور پر قبضہ کرنے والوں سے آزادی حاصل کرنا ہوگی ۔ اس موقع پر بلاول بھٹو نے “یا اللہ یا رسول بے نظیر بے قصور کے نعرے لگائے جس پر کارکنوں نے ان کی آواز میں آواز ملا کر نعرے لگائے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف اس ملک کو تباہی کے دہانے پر لے آئے ہیں ، آج اس ملک میں شیر کے شکار کا ٹھیکہ ایک کھلاڑی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔