راولپنڈی (جیوڈیسک) راولپنڈی بینظیر قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف سمیت سات ملزموں پر فرد جرم عائد کر دی گئی، پرویز مشرف نے الزامات ماننے سے انکار کر دیا۔ سابق صدر پرویز مشرف کو راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں انہیں چالان میں عائد کردہ گیارہ الزامات پڑھ کر سنائے گئے تاہم انہوں نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔
پرویز مشرف کے خلاف سازش مجرمانہ قتل اور دہشت گردی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں دیگر ملزموں میں سعودعزیز اور سابق ایس پی خرم، شیر زمان، حسینن گل، عبدالرشید ترابی، رفاقت حسین شامل ہیں۔ واقعے کے 8 ویں ملزم اعتزاز شاہ پر کم عمری کے باعث فرد جرم عائد نہیں کی گئی۔
سابق صدر پرویز مشرف کو سخت سیکورٹی میں سب جیل سے عدالت لایا گیا۔ اس موقع پر کمشنر، ڈی سی او،سی پی او آفس میں ہر کسی کے داخلے پر پابندی تھی اور کسی غیر متعلقہ شخص کو جانے کی اجازت نہ تھی۔ فرد جرم عائد کرنے کے بعد مقدمے کی سماعت ستائیس اگست تک ملتوی کر دی گئی، اگلی پیشی پر شہادتیں طلب کی جائیں گی۔