راولپنڈی (جیوڈیسک) بینظیر بھٹوقتل کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا، گرفتار پانچوں ملزموں کو عدم ثبوت پر بری کر دیا گیا جبکہ عدالت نے پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کی جائیداد قرق کرنے کا حکم دے دیا۔
سابق سی پی او سعود عزیز اور ایس پی خرم شہزاد کو 17 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ دونوں پولیس افسروں کو اڈیالہ جیل سے گرفتار کر لیا گیا جبکہ دونوں پولیس افسروں کو 5، 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 27 دسمبر 2007 کو لیاقت باغ راولپنڈی میں جلسہ کے بعد بے نظیر پر قاتلانہ حملہ کیا گیا، جس میں بے نظیر سمیت 23 افراد کی جانیں ضائع ہو ئیں، جبکہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور پولیس افسروں سمیت 71 افراد زخمی ہو ئے، اس واقعہ کا مقدمہ تھانہ سٹی راولپنڈی میں درج کیا گیا تھا۔